دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ دو افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل
جموں، 8 نومبر (ہ س)۔ پولیس نے کالعدم دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ دو افراد کے خلاف اس سال جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں ان کی مبینہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متعلق ایک معاملے میں چارج شیٹ داخل کی۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ محمد یوسف چوہان اور محمد امین کے خلاف چارج شیٹ ڈوڈہ ضلع میں این آئی اے کی فاسٹ ٹریک عدالت میں داخل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مقدمہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔ محمد یوسف چوہان کو 27 مئی کو کشتواڑ کے چرجی علاقے میں ایک چینی گرینیڈ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے ساتھی محمد امین کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ کشتواڑ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خلیل پوسوال نے کہا کہ پولیس نے پوری تندہی سے معاملے کی چھان بین کی ہے اور اس کیس میں لگائے گئے الزامات کی تائید کے لیے خاطر خواہ ثبوت جمع کیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
