دوسہ، 6 نومبر ۔ کلکٹریٹ کے قریب سے گزرنے والے ریلوے اوور برج پر کل رات مسافروں سے بھری بس اوور برج کی ریلنگ توڑ کر ریلوے ٹریک کے قریب جاگری۔ حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 29 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں شدید زخمی 7 مسافروں کو جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد دہلی-جے پور ریلوے روٹ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک بند رہا۔
معلومات کے مطابق نجی بس ہریدوار سے ادے پور جا رہی تھی۔ رات تقریباً 2 بجے جیسے ہی بس اوور برج پر پہنچی تو ڈرائیور کو نیند آگئی اور بس ریلنگ توڑ کر ریلوے ٹریک کے قریب 30 فٹ نیچے گر گئی۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ کلکٹر قمر چودھری اور اے ایس پی بجرنگ سنگھ شیخاوت موقع پر پہنچ گئے۔ ان افسران نے ریلوے حکام سے بات کرنے کے بعد دہلی-جے پور ریلوے روٹ کو بند کرایا اور زخمیوں کو دوسہ ضلع اسپتال بھیج دیا۔ بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے، جو ہریدوار میں استھی وسرجن کر گھر واپس جا رہے تھے۔
بس کے چار مسافر جاں بحق
حادثے میں چاندنا پروین (60)ساکن نادیہ ،مغربی بنگال سمیت ایک دیگر خاتون اور دو مرد ہلاک ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے تینوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جن کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھ دی گئی ہیں۔
29 مسافر زخمی، 7 کی حالت نازک
اس ہولناک حادثے کے متاثرین تقریباً ایک گھنٹے تک بس میں پھنسے رہے جنہیں کافی کوششوں کے بعد باہر نکالا گیا۔ اس حادثے میں 29 مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر جے پور، ٹونک اور مغربی بنگال کے رہنے والے ہیں۔ حادثے میں ہستی مل ساکن اگڑیہ راجسمند، انکت کشیپ ساکن ہریدوار، نند کشور، گیتا بائی اور للیتا بائی ساکن سبل گڑھ بوندی، سادھی ساکن سوڈالا جے پور، اجے پال سنگھ ساکن داتارام گڑھ سیکر، ودیا دیوی ساکن گنگوری بازارجے پور،موہمایا، دیپانکر ساکن مرشد آباد کولکاتا، اوشا کولی، کشن دیوی، چیلی ساکن جے پور، منشی ساکن بنگال، روپ نارائن ساکن جوشی کالونی جے پور، گلاب چند ساکن بڑی چوپڑ جے پور، لالہ رام سینی، رادھا اور سنترا سینی ساکن نیوائی ٹونک، سوہن لال ساکن گونیرجے پور ، محمد قاسم ساکن اجمیر، سنیتا دیوی ساکن پرتاپ نگر چتوڑ گڑھ، اومی دیوی مہاور ساکن گنگا پول جے پور، اکشرا کمار ساکن مالپورہ ٹونک، موسمی ساکن مرشد آباد مغربی بنگال شامل ہیں۔ ان میں سے 7 شدید زخمیوں کو جے پور ریفر کر دیا گیا ہے۔
تعطل کا شکار ریل سروس بحال
حادثے کی وجہ سے جے پور ڈویژن کے باندیکوئی-جے پور ریلوے سیکشن کے بھانکری-دوسہ ریلوے سیکشن کے درمیان اپ اور ڈاون ٹریک متاثر ہوا۔ اطلاع ملنے پر جے پور سے ایک حادثہ امدادی گاڑی روانہ کی گئی۔ ریلوے انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ کے افسران اور ملازمین نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر رات ہی میں کام شروع کر دیا۔ روڈ کرین شام 4 بجے جائے وقوعہ پر پہنچی اور 4.45 بجے مسافر بس کو ہٹا کر ریلوے ٹریک کو صاف کیا۔ 5.05 پر ریلوے ٹریک کو ٹرین آپریشن کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔ اس کی وجہ سے ٹرین نمبر 12957، احمد آباد-نئی دہلی ٹرین سروس اور ٹرین نمبر 19412، دولت پور چوک-سابرمتی ٹرین سروس متاثر رہی۔
