ملک بھر میں سردی کی دستک، بنگال کے درجہ حرارت میں اضافہ
کولکاتا، 2 نومبر ۔ جہاں مشرقی اور شمالی ہندوستان میں نومبر کے پہلے ہفتے میں سردی نے دستک دینا شروع کر دی ہے وہیں دوسری طرف مغربی بنگال میں گنگا الٹی بہہ رہی ہے۔ یہاں درجہ حرارت میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ہلکی گرمی بڑھنے لگی ہے۔ موسم کی اس تبدیلی کے باعث وائرل بیماریاں میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہیں۔
جمعرات کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری سیلسیس درج ہوا جو کہ معمول سے دو ڈگری زیادہ ہے۔ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 32.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ ریاست میں پچھلے پندرہ دن سے بارش نہیں ہوئی ہے اور اب بارش کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آسمان صاف رہے گا اور دن میں دھوپ کھلے گی جس کی وجہ سے لوگ گرمی محسوس کریں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ ہفتے درگا پوجا گزرنے کے بعد بنگال میں بھی سردی نے دستک دی تھی۔ لیکن اب اچانک موسم میں تبدیلی اور گرمی نے ریاست کے لوگوں کی صحت کو خراب کرنا شروع کر دیا ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پرولیا، بنکورا، مشرقی اور مغربی بردھمان، جھارگرام اور مرشد آباد میں بھی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ ان تمام اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں نزلہ، کھانسی، بخار اور دیگر موسمی امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، دارجلنگ، جلپائی گوڑی اور کلمپونگ میں ہلکی سردی شروع ہوگئی ہے۔
