ای ڈی کے سامنے اروند کیجریوال اور ایتھکس کمیٹی کے سامنے مہوا موئترا کی پیشی
نئی دہلی، 2 نومبر ۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے آج (جمعرات) کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) ہیڈکوارٹر میں پیش ہونے کا امکان ہے۔ انہیں دہلی شراب پالیسی میں گھوٹالے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ ریاست کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ کو دہلی شراب پالیسی میں مبینہ گھپلے کی وجہ سے پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایسے میں آپ لیڈروں کو خدشہ ہے کہ اروند کیجریوال کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
دریں اثنا آج (جمعرات) صبح سے ہی ای ڈی دہلی حکومت کے ایک وزیر راجکمار آنند کے گھر پر چھاپہ مار رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی کی مختلف ٹیمیں صبح 6 بجے سے راجکمار آنند سے منسلک 9 مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ اس چھاپے کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے پوچھ گچھ اور ممکنہ گرفتاری سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کی ایتھکس کمیٹی نے ترنمول کانگریس کی مہوا موئترا کو بھی پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے کی فیس لینے کے معاملے میں آج حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ حالانکہ مہوا نے کچھ دنوں کے بعد حاضر ہونے کی درخواست کی تھی، لیکن پارلیمنٹ کی ایتھکس کمیٹی نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے زیادہ وقت دینے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے حوالے سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایم پی کی لاگ ان آئی ڈی کی تفصیلات نکالی گئی ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے اس کا ایکسیس دبئی کے تاجر درشن ہیرانندانی کو دے رکھا تھا۔ دبئی میں مہوا موئترا کی پارلیمنٹ کی آفیشل آئی ڈی دبئی کے آئی پی ایڈریس میں ایک یا دو بار نہیں بلکہ 47 بار کھولی گئی۔ اس انکشاف کے بعد سبھی کی نظریں مہوا کی آج ای ڈی کے سامنے پیش ہونے پر لگی ہوئی ہیں۔
