کولکاتا، یکم نومبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 16 نومبر کو اپنی پارٹی کے رہنماوں سے خطاب کریں گی۔ بھیا دوج کے دوسرے دن ہونے والے اس پروگرام کے ذریعے وہ لوک سبھا انتخابات کا بگل بجائیں گی۔ ترنمول کانگریس کے ایک لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بدھ کو کہا کہ کولکاتہ سمیت تمام اضلاع کے پارٹی صدور سے کہا گیا ہے کہ وہ اس پروگرام میں ورچوئل طریقہ سے شامل ہوں۔ فی الحال اس پروگرام کی شکل واضح نہیں ہے لیکن یہ ایک بڑا پروگرام ہونے جا رہا ہے۔ لوک سبھا انتخابات سے پہلے ممتا بنرجی کا یہ ایک اہم خطاب ہے۔ اس کے بعد ہر سطح کے لیڈروں سے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں پوری لگن کے ساتھ مصروف ہونے کے لئے کہا گیاہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس دن اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر بات کریں گی۔
مغربی بنگال میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران، بی جے پی نے 42 میں سے 18 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، لیکن اس بار ترنمول کانگریس بی جے پی سے تمام سیٹیں چھیننے کے مقصد سے میدان میں اترے گی۔ اس کے لیے ترنمول کانگریس ووٹوں کے پولرائزیشن کی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہے۔ اس کے تحت ترنمول کانگریس بنیادی طور پر بنگال میں 100 دن کی روزگار کی گارنٹی اسکیم کے واجبات کی عدم ادائیگی اور مرکز کے ذریعہ مغربی بنگال کو محروم کرنے کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ممتا بنرجی 16 نومبر کو ہونے والی میٹنگ سے یہ بھی ہدایات دیں گی کہ قومی سطح پر’انڈیا‘ اتحاد کو لے کر ترنمول کانگریس کا موقف کیا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
