راج دیو رنجن قتل معاملہ کی اہم گواہ بادامی دیوی کا انتقال
پٹنہ، یکم نومبر (ہ س)۔ سرخیوں میں رہے بہار کے سیوان کے صحافی راج دیو رنجن قتل معاملہ کی سماعت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اس معاملہ کی اہم گواہ بادامی دیوی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ بادامی دیوی کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے راج دیو رنجن قتل معاملے میں اہم گواہ کے طور پر عدالت میں پیش کیا تھا۔ اس معاملے کی سماعت کی تاریخ یکم نومبر مقرر کی گئی تھی۔
اس سے عین قبل جہاں بادامی دیوی کی موت سے سی بی آئی کو جھٹکا لگا ہے وہیں دوسری طرف راج دیو رنجن کے خاندان کے لیے یہ بری خبر ہے۔ راج دیو رنجن کے اہل خانہ پہلے ہی کئی بار سی بی آئی پر قتل معاملے کی سست تفتیش کے لیے انگلیاں اٹھا چکے ہیں۔ بادامی دیوی کو ڈیڑھ سال قبل سماعت کے دوران سی بی آئی نے مردہ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد جب بادامی دیوی کے اہل خانہ نے ان کے زندہ ہونے کا ثبوت دیا تو سی بی آئی کی ایک ٹیم سیوان آئی اور اس کی تصدیق کی۔
قابل ذکر ہے کہ صحافی راج دیو رنجن کو 13 مئی 2016 کو شرپسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ جانچ کے دوران سی بی آئی کو پتہ چلا تھا کہ راج دیو رنجن نے بادامی دیوی کی زمین پر زبردستی قبضہ کرنے سے متعلق خبر شائع کی تھی۔ اس کے بعد ہی لڈن میاں کی ہدایت پر راج دیو کو قتل کرنے کا الزام عائد گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
