جے پور، 30 اکتوبر (ہ س)۔
راجستھان میں اسمبلی انتخابات-2023 کے لئے پیر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پہلے دن ریاست کے آٹھ اسمبلی حلقوں کے لئے 8 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کئے جانے والے حلف نامے بھی عام لوگوں کی معلومات کے لئے الیکشن محکمہ کی ویب سائٹ اور الیکشن محکمہ کے ایپ پر دستیاب ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے کہا کہ ریاست کی تمام 200 اسمبلی سیٹوں کے لئے انتخابی شیڈول کا نوٹیفکیشن 30 اکتوبر کو جاری ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر اور دیگر اہم دفاتر کے باہر پبلک نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 نومبر ہے۔ اتوار 5 نومبر کو کاغذات نامزدگی داخل نہیں کئے جائیں گے۔ نامزدگی کا عمل ان دنوں صبح 11 بجے سے شروع ہو کر سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گا۔ نامزدگی فارموں کی جانچ پڑتال 7 نومبر کو ہوگی۔ امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 9 نومبر ہے۔ پوری ریاست میں 25 نومبر کو صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔
گپتا نے کہا کہ پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت، عام امیدواروں کو 10,000 روپئے اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے امیدواروں کو 5,000 روپئے کی ضمانتی رقم جمع کرنی ہوگی۔ امیدواروں کو نامزدگی کے وقت تمام متعلقہ اور ضروری دستاویزات کے ساتھ آنا ہو گا جیسے سیکورٹی ڈپازٹ کا ثبوت، فارم-اے اور بی، حلف نامہ وغیرہ۔ اگر امیدوار اسی حلقے کا ووٹر نہیں ہے جہاں سے وہ الیکشن لڑ رہا ہے تو امیدوار کو متعلقہ حلقے کی ووٹر لسٹ کی کاپی یا ووٹر لسٹ کے متعلقہ حصے کی تصدیق شدہ کاپی جمع کرانی ہوگی۔
ہندوستھان سماچار/محمد
