نئی دہلی، 30 اکتوبر (؎ ہ س)۔ شمالی دہلی کے سبزی منڈی تھانہ علاقے میں کل رات ایک نابالغ لڑکے نے دوسرے نابالغ لڑکے کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ تھانہ علاقہ کے ملکا گنج میں پیش آیا۔ متوفی کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے جو کہ جولاہان بستی کا رہائشی تھا۔ یہ واقعہ رات 10:00 بجے کے قریب پیش آیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیےباڑہ ہندو راو اسپتال میں رکھوا دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ دو روز قبل بھی دونوں لڑکوں کی کسی بات پر آپس میں لڑائی ہوئی تھی۔ چند روز قبل سینٹرل دہلی کے علاقے نبی کریم میں ایک نابالغ لڑکے نے دوسرے نابالغ لڑکے کو چاقو مار کر قتل کر دیا تھا اور خون آلود چاقو لے کر تھانے پہنچ کر خودسپردگی کر دی تھی۔
اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی سی پی منوج کمار مینا نے بتایا کہ کل ایک پی سی آر کال موصول ہوئی کہ لڑکوں کے درمیان لڑائی ہوئی ہے۔ زخمیوں میں سے ایک کو اسپتال لے جایا گیا ہے جو کہ نابالغ ہے۔ پولیس ٹیم پہلے اسپتال پہنچی، جہاں پتہ چلا کہ ایک 16 سالہ لڑکے کو چاقو مارا گیا ہے۔ اس کا آپریشن تھیئٹر میں آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے پیٹ میں چاقو لگا ہے۔
پولیس نے تفتیش کی اور قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر لیا۔ لیکن اس کے بعد اطلاع ملی کہ لڑکا علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ تب پولیس نے اسے قتل کیس میں تبدیل کردیا۔ مزید تفتیش کے بعد 14 سالہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
ملزم نابالغ لڑکے نے پولیس کو بتایا کہ متوفی لڑکے نے اسے کئی بار مارا پیٹا تھااور پھر موقع دیکھ کراس نے واردات کو انجام دے دیا۔
ہندوستھان سماچار
