نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی علاقائی کمیٹی برائے جنوب مشرقی ایشیا کے زیر اہتمام 76ویں اجلاس کی میٹنگ میں مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ مرکزی حکومت ایک جامع اور مستحکم نقطہ نظر اپنا رہی ہے۔ ہم صحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھا رہے ہیں، ادویات کے روایتی نظام کو فروغ دے رہے ہیں۔ نیز یونیورسل ہیلتھ کوریج کے وژن کے ساتھ سب کو سستی صحت کی دیکھ بھال فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی خدمات کو ملک کے آخری فرد تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
پیر کو نئی دہلی میں منعقدہ 76ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ 24 اکتوبر تک آیوشمان بھارت-صحت اور فلاح و بہبود کے مراکز (اے بی۔ایچ ڈبلیو سی) نے 211 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی آمد ریکارڈ کی ہے۔ ان مراکز کے مریضوں نے 1,830 ملین سے زائد مرتبہ مفت ادویات اور 873 ملین سے زائد مرتبہ تشخیصی خدمات حاصل کی ہیں۔ مزید برآں، 26 ملین فلاح و بہبود کے سیشن منعقد کیے گئے ہیں، جن میں 306 ملین سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
