ممبئی ، 28 اکتوبر (ہ س)۔
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ہفتہ کو کہا کہ ایکناتھ شندے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر برقرار رہیں گے۔ اس کے بعد جب بھی ریاست میں اسمبلی انتخابات ہوں گے، وہ انتخابات وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں لڑے جائیں گے۔ دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ کے طور پر سی ایم شندے کے عہدہ سے متعلق قیاس آرائیوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ دیویندر فڑنویس نے ہفتہ کو نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ہٹائے جانے کی قیاس آرائیاں غیر ضروری طور پر پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
دراصل جمعرات کو بی جے پی کے ریاستی دفتر نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا۔ اس ویڈیو میں کہا گیا تھا کہ ‘ میں پھر آوں گا ‘۔ اس کے بعد ریاست میں وزیر اعلی ایکناتھ شندے کو فوری طور پر ہٹائے جانے کی زبردست بحث ہوئی۔ حالانکہ اس ویڈیو کو ریاستی بی جے پی نے ڈیلیٹ کر دیا تھا، لیکن سی ایم شندے کے بارے میں بحث کم نہیں ہو رہی تھی۔ اسی وجہ سے دیویندر فڑنویس نے آج صحافیوں سے کہا کہ کوئی بھی ویڈیو پوسٹ کرنے سے وزیر اعلیٰ نہیں بنتا۔ اس لیے سب کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ حکومت ایکناتھ شندے کی قیادت میں اپنی مدت پوری کرے گی اور اس کی میعاد میں ایک دن بھی کم نہیں ہوگا۔ اس کے بعد بی جے پی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایکناتھ شندے کی قیادت میں الیکشن لڑے گی۔
ہندوستھان سماچارمحمدخان
