شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار پر دباو، فلیٹ سطح پر سینسیکس اور نفٹی
نئی دہلی، 25 اکتوبر (ہ س)۔ بین الاقوامی بازار سے مثبت اشارے موصول ہونے کے باوجود گھریلو شیئر بازار میں ابتدائی کاروبار کے دوران مسلسل دباو ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات فلیٹ سطح پر معمولی سبقت کے ساتھ ہوئی تھی۔ حالانکہ کاروبار کی شروعات ہوتے ہی خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان رسہ کشی کی صورت حال پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس میں مسلسل اتار چڑھاو دیکھا گیا۔ کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد، سینسیکس 0.19 فیصد اور نفٹی 0.16 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد حصص بازار کے سرکردہ شیئروں میں ہنڈالکو انڈسٹریز، ٹاٹا اسٹیل، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، ایل ٹی مائنڈ ٹری اور کوٹک مہندرا کے حصص 3.35 فیصد سے لے کر 1.01 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف، ایچ ڈی ایف سی لائف، انفوسس، سیپلا، اپولو ہسپتال اور این ٹی پی سی کے حصص 1.94 فیصد سے لیکر 0.87 فیصد کی کمزوری کے ساتھ تجارت کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں بازار میں 1,986 شیئرس میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1,231 شیئر منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 755 شیئر خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 حصص میں سے 17 شیئر خرید کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباؤ کے باعث 13 حصص سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 32 حصص سبز نشان میں اور 18 شیئر سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 47.39 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ 64,619.27 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کے دباؤ کی وجہ سے یہ انڈیکس ایک بار سرخ نشان میں گر کر 64,502.57 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن کچھ عرصے بعد خریداری کی حمایت ملنے کی وجہ سے اس نے دوبارہ سبز نشان میں اپنی جگہ بنا لی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 119.79 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 64,691.61 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح، این ایس ای کے نفٹی نے آج 4.70 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ 19,286.45 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ بازار کھلتے ہی شروع ہوئی فروخت کی وجہ سے یہ انڈیکس بھی کچھ دیر کے لیے سرخ نشان میں گر کر 19,259.55 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد، خریداری کی حمایت حاصل کرنے کے بعد، اس نے بھی اپنی جگہ دوبارہ سبز میں بنا لی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 31.75 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 19,313.50 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
