دھرم شالہ، 23 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کا کریڈٹ گیندبازوں کو دیا۔ ایک وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈیرل مچل اور راچن رویندرا کے درمیان 159 رنوں کی شراکت کی بدولت بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہی تھی لیکن اس کے بعد بھارتی گیندبازوں نے شاندار بوگیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی ٹیم کو 273 رنوں تک محدود کر دیا۔ خاص طور پر محمد شامی نے شاندار گیندبازی کی اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔
34ویں اوور میں نیوزی لینڈ کا اسکور 2 وکٹوں پر 178 رن تھا جب محمد شامی نے رویندرا کو لانگ آن پر کیچ کروا دیا۔ وہاں سے ہندوستان نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کو 273 رن تک محدود کردیا۔ آخر میں بھارت نے چار وکٹوں اور 12 گیندیں باقی رہ کر ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا، یہ بھارت کی مسلسل پانچویں جیت ہے۔
روہت نے میچ کے بعد کہا، ”جس طرح مچل اور راچن رویندرا بلے بازی کر رہے تھے، ہم 300 پلس کے اسکورکی توقع کر رہے تھے۔ نیوزی لینڈ نے وہاں ایک بڑی شراکت داری کی۔ اگرچہ وکٹ پر بیٹنگ کرنا آسان تھا، لیکن اوس بھی آ گئی“۔
روہت نے کہا،”لیکن مجھے چیزوں کو اچھی طرح سے سنبھالنے اور ہمیں میچ میں واپس لانے کا کریڈٹ گیند بازوں کو دینا ہے۔ کیویز کو 270 کے آس پاس تک محدود رکھنا ایک بہترین کوشش تھی۔“
274 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے روہت نے 40 گیندوں میں 46 رن بنا کر بنیاد رکھی جس کے بعد وراٹ کوہلی نے 95 رن بنا کر بھارت کو جیت دلائی۔ کوہلی اور جڈیجا نے چھٹی وکٹ کے لیے 78 رن جوڑ کر جیت حاصل کی۔
روہت نے کوہلی کے بارے میں کہا،”ایمانداری سے کہوں تو کہنے کے لیے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ ہم نے انہیں کئی سالوں سے ایسا کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ اتنا پرسکون دماغ، وہ خود کو ترغیب دیتے ہیں۔ آخر میں تھوڑا سا دباو تھا، ہم نے وہاں کچھ وکٹ گنوائیں ، لیکن کوہلی اور رویندر جڈیجا نے ہمیں واپس کھینچ لیا۔“
آپ کو بتاتے چلیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں کی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان پانچ میچوں میں پانچ جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر پہنچ گیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی چار میچوں میں جیت کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ 29 اکتوبر کو لکھنو¿ میں انگلینڈ سے ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کا مقابلہ 28 اکتوبر کو دھرم شالہ میں آسٹریلیا سے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
