عالمی دباو کی وجہ سے شروعاتی کاروبار میں گرا شیئر بازار
نئی دہلی، 19 اکتوبر۔ عالمی دباو کی وجہ سے گھریلو شیئر بازار میں آج مسلسل دوسرے دن گراوٹ کا ماحول بنا ہوا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات کمزوری کے ساتھ ہوئی۔ بازار کھلتے ہی فروخت کے دباو کی وجہ سے شیئر بازار میں گراوٹ بڑھتی نظر آئی، لیکن پہلے آدھے گھنٹے کے کاروبار کے بعد ہی خریداروں نے خریداری کرکے صورت حال کو کچھ حد تک سدھارنے کی کوشش کی۔ حالانکہ فروخت کے دباو کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی مسلسل سرخ نشان میں ہی بنے ہوئے تھے۔ پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 0.50 فیصد اور نفٹی 0.47 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
شروعاتی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد حصص بازار کے بڑے شیئروں میں سے ایل ٹی مائنڈ ٹری، بجاج آٹو، انڈس انڈ بینک، ہیرو موٹو کارپ اور بی پی سی ایل کے شیئر 4.75 فیصد سے لیکر 0.50 فیصد تک کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف، وپرو، کول انڈیا، ٹاٹا اسٹیل، ہنڈالکو انڈسٹریز اور پاور گرڈ کارپوریشن کے حصص 3.29 فیصد سے لے کر 1.72 فیصد تک کی گراوٹ کے ساتھ تجارت کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں حصص بازار میں 1,969 حصص میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 880 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے جبکہ 1089 شیئر خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 3 شیئرس خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 27 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 7 حصص سبز نشان میں اور 43 شیئروں سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 392.41 پوائنٹس گر کر 65,484.61 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز کے بعد مارکیٹ پر فروخت کا دباؤ نظر آیا جس کے باعث انڈیکس 65,343.50 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم اس کے بعد خریداروں نے خریداری کا دباو پیدا کرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے انڈیکس نچلی سطح سے کسی حد تک بحال ہونے میں کامیاب رہا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 328.78 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 65,548.24 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح، این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 125.90 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 19,545.20 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ ابتدائی تجارت میں فروخت کے دباو کے باعث یہ انڈیکس بھی گر کر 19,512.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریداری کی حمایت کی وجہ سے اس انڈیکس میں بھی ریکوری دیکھنے میں آئی۔ بازار میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 92.65 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 19,578.45 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
/شہزاد
