نئی دہلی، 18 اکتوبر (ہ س)۔ راؤنڈ گلاس پنجاب ہاکی اکیڈمی (آر جی پی ایچ اے) نے پول ایل میچ میں رائل انٹرنیشنل سینئر سیکنڈری اسکول چرخی، دادری، ہریانہ کو 2-5 سے شکست دے کر 40ویں نہرو ٹرافی سب جونیئر بوائز ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا۔
یہ میچ شیواجی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے امندیپ سنگھ نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ دیگر دو گول سیموئل اور ساجن راج بھر نے اسکور کیے۔
آر جی پی ایچ اے نے پہلا گول 10ویں منٹ میں امندیپ سنگھ کے ذریعے کیا۔ کھیل کے 12ویں منٹ میں راہل مخالف ٹیم کو برابری پر لے آئے۔ آر جی ایچ اے نے 31 ویں منٹ میں امندیپ اور 37 ویں منٹ میں سیموئل کے گول سے اپنی برتری کو دو گول سے بڑھا دیا۔ راہول نے 40 ویں منٹ میں اسکور 2-3 کیا، اس سے پہلے ساجن راج بھر (44 ویں منٹ) اور امندیپ سنگھ نے 49 ویں منٹ میں گول کرکے ہریانہ کو کھیل سے باہر کردیا۔
آر جی پی ایچ اے اب جمعہ 20 اکتوبر کو اپنے اگلے میچ میں ینگ پائنیر انگلش اسکول، امپھال ایسٹ، منی پور سے مقابلہ کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
