جموں، 16 اکتوبر(ہ س)، وادی کشمیر کو دنیا کے دیگر حصّوں کے ساتھ جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی جموں سرینگر قومی شاہراہ ضلع رامبن کے بانہال علاقے میں لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدرفت کے لئے بند ہو گئی ہے ۔قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدرفت معطل ہونے سے شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں کی تعداد میں مسافر و مال بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے رامبن ضلع میں بانہال کے شالگیری علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے ۔پولیس کے ترجمان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ کو مجبوراً بند کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر شالگیری، بانہال میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دونوں طرف کی ٹریفک روک دی گئی ہے ۔وہیں تازہ برفباری کی وجہ سے مغل روڈ کو بھی گاڑیوں کی آمدرفت کے لئے بند کر دیا ہے ۔بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں طویل خشک موسم کے بعد بارش شروع ہوئی ہے۔خطہ کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ پیر کی صبح سے جاری ہے ۔
اصغر/ہندوستھان سماچار/سلام
